Tuesday, 12 April 2016

what army chief said abot pak chin iqtasadi rahdari

ملک دشمن ایجنسیاں اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف ہیں‘


پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ملک دشمن ایجنسیاں پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف ہیں اور انڈین خفیہ ایجنسی ’را‘ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے میں ملوث ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبئہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کو بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں ایک سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے بری فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبہ ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا۔
جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا اس سال چین سے گوادر پورٹ اور دیگر ممالک کے لیے کارگو سروس کا آغاز ہوگا۔
بری فوج کے سربراہ نے یقین دہانی کرائی کہ اس منصوبے کی حفاظت قومی فریضہ ہے جسے ہر صورت پورا کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ ضرب عضب نہ صرف دہشت گردی کے خلاف ایک آپریشن ہے بلکہ یہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور بد عنوانی کے گٹھ جوڑ کے خاتمے کی ایک جامع سوچ بھی ہے۔
جنرل راحیل شریف نے کہا کہ فوج کے انجنیئروں نے بلوچستان میں کمیونیکیشن انفراسٹرکچر کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اس سال کے آخر تک 875 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کا کام مکمل کیا جائے گا۔
فوج کے سربراہ نے کہا کہ کسی کو بھی پاکستان کے کسی بھی حصے میں بد امنی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ضرب عضب نہ صرف دہشت گردی کے خلاف ایک آپریشن ہے بلکہ یہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور بدعنوانی کی گٹھ جوڑ کے خاتمے کی ایک جامع سوچ بھی ہے۔